امریکی ہیلی کاپٹر کیسے تباہ ہوا؟،ایرانی نائب وزیرخارجہ کاظم غریب آبادی نے بتا دیا

آبنائے ہرمز کے قریب پیش آنے والا واقعہ کشیدہ فوجی صورتحال کے دوران ایک غیر ارادی حادثہ ہو سکتا ہے

June 10, 2026 · بام دنیا

 

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے کسی امریکی ہیلی کاپٹر کو جان بوجھ کر نشانہ نہیں بنایا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے قریب پیش آنے والا واقعہ کشیدہ فوجی صورتحال کے دوران ایک غیر ارادی حادثہ ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے ماحول میں غلط فہمی یا حادثاتی واقعات کا امکان رہتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اس واقعے میں براہ راست ملوث نہیں تھا اور نہ ہی کسی امریکی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے کی کوئی دانستہ کارروائی کی گئی۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق متعلقہ فوجی ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز کے علاقے میں کوئی فضائی کارروائی نہیں کی گئی۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے اقدامات خطے میں کشیدگی میں اضافہ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایران اپنی قومی سلامتی اور دفاع کے معاملے پر کسی بھی حملے یا دھمکی کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی ضروری ہے اور غیر ملکی افواج کی موجودگی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔