دفاعی بجٹ وفاق کی ذمہ داری ہے،اسے صوبوں پر نہ ڈالا جائے:گوہر

پی ٹی آئی چیئرمین نے بجٹ کو آئینی اور اہم معاملہ قرار دے دیا

June 10, 2026 · قومی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بجٹ کے معاملے کو ایک آئینی اور اہم ایشو قرار دے دیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ کا معاملہ سیاسی نہیں بلکہ ایک آئینی اور اہم ایشو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ پورا کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسے اپنی ذمہ داری صوبوں پر نہیں ڈالنی چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وفاقی حکومت گزشتہ چار سال میں ناکام ہوتی رہی ہے اور اس نے ایف بی آر کو بھی اصلاحات نہ لا کر ناکام کیا، جس سے کاروباری طبقہ متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جتنا قرض لیا ہے وہ ملکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں لیا گیا۔ ان کے مطابق اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کا حصہ انہیں مکمل طور پر ملنا چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ این ایف سی پر جو عمل براہ راست نہیں کیا جا سکتا وہ کسی دوسرے راستے سے بھی نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی دشمن کے خلاف پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہونا چاہیے۔