پی ایس ایل 11 کی مالی کامیابی،منافع 7.5 ارب روپے سے بھی بڑھ گیا

لیگ کے مجموعی اخراجات 2.64 ارب روپے سے زائد رہے جبکہ کل آمدن 10.19 ارب روپے سے بڑھ گئی

June 11, 2026 · اسپورٹس

پاکستان سپر لیگ 11 میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد لیگ کی مالی کارکردگی میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے اور مجموعی منافع 7.5 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں مالی نتائج گزشتہ سالوں کے مقابلے میں کہیں بہتر رہے۔

اجلاس میں پیش کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لیگ کے مجموعی اخراجات 2.64 ارب روپے سے زائد رہے جبکہ کل آمدن 10.19 ارب روپے سے بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں ٹیکس سے قبل منافع 7.54 ارب روپے سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

حکام کے مطابق دو نئی فرنچائزز کی شمولیت نے آمدن میں نمایاں اضافہ کیا، جس میں نشریاتی حقوق، اسپانسرشپ اور فرنچائز فیس سے حاصل ہونے والی آمدنی بنیادی عوامل رہے۔

کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ مختلف سیزنز میں منافع میں واضح فرق دیکھا گیا، جہاں گزشتہ سیزن میں تقریباً 2 ارب روپے جبکہ اس سے پہلے والے سیزن میں 2.46 ارب روپے منافع ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اجلاس میں مالی گوشوارے پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ لیگ کی توسیع نے مجموعی طور پر برانڈ ویلیو اور تجارتی آمدن میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مکمل مالی تفصیلات کمیٹی کے سامنے رکھی گئیں۔