اسٹیڈیم میں بدانتظامی پرایران کی فیفا کو دھمکی،میچز ادھورے چھوڑنے کا عندیہ

فٹبال ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ایران کی ٹیم اپنے گروپ میچز 15، 21 اور 26 جون کو مختلف مقامات پر کھیلے گی۔

June 11, 2026 · اسپورٹس

ایران نے خبردار کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیم میں نفرت انگیز نعرے بازی، اشتعال انگیز سرگرمیوں یا غیر مجاز جھنڈوں کی موجودگی کی صورت میں میچ روکنے کا حق استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر کھیل احمد دنیامالی نے کہا ہے کہ ایران نے فیفا کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ اگر ورلڈ کپ میچوں کے دوران قومی ٹیم کے خلاف نعرے لگائے گئے یا غیر مجاز علامات لہرائی گئیں تو ٹیم منیجر فوری کارروائی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیفا حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ میچز کے دوران کسی قسم کا ناخوشگوار یا خلل ڈالنے والا واقعہ پیش نہیں آنے دیا جائے گا۔

فٹبال ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ایران کی ٹیم اپنے گروپ میچز 15، 21 اور 26 جون کو مختلف مقامات پر کھیلے گی۔

رپورٹ کے مطابق ایران اور مصر کی فٹبال فیڈریشنز نے پہلے ہی فیفا سے مطالبہ کیا تھا کہ مخصوص میچز کے دوران بعض سماجی سرگرمیوں کو محدود کیا جائے۔

دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر ایران کی شرکت پر بھی مختلف حلقوں کی جانب سے اعتراضات سامنے آتے رہے ہیں۔

ورلڈ کپ کے آغاز سے ایک روز قبل سامنے آنے والے اس بیان نے ایونٹ سے متعلق بحث کو مزید تیز کر دیا ہے۔