رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز
پاکستان کی نمائندگی پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں دو رکنی وفد نے کی
میکسیکو سٹی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں دنیا بھر سے فٹ بال حکام اور نمائندوں نے شرکت کی۔
پاکستان کی نمائندگی پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں دو رکنی وفد نے کی، جس نے افتتاحی تقریب اور آفیشل ڈنر میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان ملک کی قیادت نے ورلڈ کپ کو تاریخ کے کامیاب ترین ایونٹس میں شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ شاندار میزبانی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
فیفا کے صدر نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میزبان ممالک کی کوششوں کو سراہا۔
ورلڈ کپ کی تقریبات کے موقع پر پاکستانی وفد نے مختلف ممالک کی فٹ بال ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں باہمی تعاون اور فٹ بال کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔