کراچی میں ایک کروڑ روپے مالیت کا بھارتی گٹکا برآمد
سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گودام پر چھاپہ، بڑی مقدار میں اسمگل شدہ سامان پکڑا گیا
فائل فوٹو
کراچی کے علاقے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے چھاپہ مار کر ایک کروڑ روپے مالیت کا مضر صحت بھارتی گٹکا اور چھالیہ برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سائٹ اے پولیس نے انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک گودام پر کارروائی کرتے ہوئے اسمگل شدہ چھالیہ اور مضر صحت انڈین گٹکا برآمد کیا۔
ترجمان ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق کارروائی مخبر کی اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران 57 بورے اسمگل شدہ چھالیہ اور 219 بورے انڈین گٹکا سفینہ، آداب اور رجنی برآمد کیا گیا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق برآمد شدہ سامان کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ تحقیقات کے مطابق یہ سامان ڈمپر میں خفیہ طور پر چھپا کر گودام تک پہنچایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق برآمد شدہ سامان کی گنتی، دستاویزی کارروائی اور قانونی مراحل جاری ہیں جبکہ مالکان اور ملوث عناصر کی شناخت کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب گڈاپ سٹی پولیس نے سپر ہائی وے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گٹکا اور چھالیہ کی سپلائی کی کوشش ناکام بنائی اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم شاہ لم خان آئل ڈرمز میں چھالیہ چھپا کر مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔ کارروائی کے دوران 4 آئل ڈرمز سے 90 کلوگرام سے زائد چھالیہ اور گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔
پولیس نے ملزم کی موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے لی جو وہ ترسیل کے لیے استعمال کرتا تھا، جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔