جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے مزید شدت اختیار کر گئے۔5 افراد شہید

بنت جبیل، صور ,نبطیہ میں فضائی بمباری،24 قصبوں اور دیہات کے مکینوں کو فوری انخلا کاحکم

June 14, 2026 · بام دنیا

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے کے بعد دھواں اٹھتا ہوا

اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں مزید 5 افراد شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے سیکیورٹی صورتحال کا جواز پیش کرتے ہوئے 24 قصبوں اور دیہات کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقے خالی کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق علی الصبح ہونے والے اسرائیلی حملوں میں جنوبی لبنان کے بنت جبیل علاقے میں رہائشی گھروں اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے ضلع صور کے دیہات قانا، بازوریہ، رشکانیہ اور شحور پر بمباری کی، جبکہ ضلع نبطیہ کی بلدیہ کفر تبنیت بھی فضائی حملوں کی زد میں رہی۔

حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے متعدد علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں شہری محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔