ویمنز ٹی20 ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان کو171 رنز کا ہدف دے دیا
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد بھارتی مڈل آرڈر نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی پٹائی کی۔
فوٹو سوشل میڈیا
برمنگھم: ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2026 کے پہلے میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلیے 171 رنز کا ہدف دے دیا۔
برمنگھم ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنالیے۔
بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد بھارتی مڈل آرڈر نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی پٹائی شروع کردی، اوپنر سمرتی مندانا نے68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
بھارت کی پہلی وکٹ 6رنز پر گری شیفالی ورما 6 رنز بناکر سعدیہ اقبال کا شکار ہوئیں، میچ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی دوسری وکٹ 18 کے اسکور پر گری، جمائیما روڈریگز 1 رن بنا کر تسمیہ رباب کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
ابتدائی دو وکٹیں صرف 18 رنز پر گرنے کے بعد بھارت دباؤ میں تھا، اس کے بعد سمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کور نے اننگز کو سنبھالا، مندھانا کی نصف سنچری نے بھارت کو مضبوط بنیاد فراہم کی، آخری اوورز میں رِچا گھوش کی جارحانہ بیٹنگ نے رن ریٹ میں نمایاں اضافہ کیا۔
17ویں اوورز میں ہرمن پریت کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے واپسی کی کوشش کی، لیکن رِچا گھوش نے اختتامی اوورز میں تیز رفتاری سے رنز بنا کر بھارت کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ شروع ہونے سے قبل ہی دونوں ٹیموں کے فینز بڑی تعداد میں اپنے ٹیموں کی سپورٹ کیلئے اسٹیڈیم پہنچے، ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔