امریکہ ۔اسرائیل کے پاس شکست تسلیم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ خاتم الانبیا فورس

عسکری کمان کا دعویٰ، ایرانی عوام، مسلح افواج اور اتحادیوں نے دشمن کو پسپائی پر مجبورکیا

June 15, 2026 · بام دنیا

ایران کی اعلیٰ عسکری کمان، خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز، نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی عوام نے ملک کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر اور خطے میں تہران کے حامی گروہوں اور اتحادیوں کے تعاون سے امریکہ اور اسرائیل کو یہ باور کرا دیا ہے کہ ان کے پاس ’شکست تسلیم کرنے اور ہتھیار ڈالنے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہا۔

خاتم الانبیا فورس کی جانب سے جاری ہونے والا یہ بیان اس بیانیے کے عین مطابق ہے، جو ایران کا سرکاری ٹیلی ویژن اس معاہدے کو ایران کی فتح کے طور پر پیش کرنے کے لیے اختیار کیے ہوئے ہے۔

اس دوران ایران کے اندر سخت گیر حلقوں کی جانب سے معاہدے کے خلاف تنقید میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

معاہدے پر تنقید کرنے والوں میں سے بعض نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمان کے سپیکر قالیباف، جو مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کر رہے تھے، پر یہ الزام عائد کیا کہ انھوں نے ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مؤقف سے ’غداری‘ کی ہے۔

اپنی وفات سے چند ہفتے قبل آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا تھا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کرنا ’دانشمندانہ‘ فیصلہ نہیں اور نہ ہی ایسا کرنے سے ایران سے مسائل ’حل‘ ہو پائیں گے۔