شاہد آفریدی کا اقوامِ متحدہ ہیڈکوارٹرز کا دورہ، پاکستانی مشن سے ملاقات
شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے اور پرتپاک استقبال پر پاکستان مشن کا شکریہ ادا کیا اور عالمی ادارے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد سے ملاقات بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی یہ دورہ نیویارک میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی دعوت پر کیا۔ اس موقع پر انہیں اقوامِ متحدہ کے مختلف شعبہ جات، عالمی امن و سلامتی کے فروغ، پائیدار ترقی اور کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ اور آل راؤنڈ کارکردگی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
What happens when one of Pakistan's stylish cricket stars steps into the premier arena of global diplomacy?
At the UN Headquarters today, former Pakistan cricket captain, Shahid Afridi and Ambassador Asim Iftikhar Ahmad, Permanent Representative of Pakistan to the UN, explored… pic.twitter.com/yDAjMiDrhO
— Permanent Mission of Pakistan to the UN (@PakistanUN_NY) June 17, 2026
سفیر نے ان کی فلاحی اور انسانی خدمت کی سرگرمیوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ ان کی سماجی کاوشیں معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے امید کی کرن ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ کھیل سفارت کاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور مختلف قوموں کو قریب لانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل امن، رواداری اور عالمی تعاون کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے اور پرتپاک استقبال پر پاکستان مشن کا شکریہ ادا کیا اور عالمی ادارے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
بعد ازاں سفیر عاصم افتخار احمد کی جانب سے شاہد آفریدی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا، جس میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔