ورلڈ کپ میں رونالڈو کی مایوس کن کارکردگی،عمر اور فارم پر سوالات اٹھ گئے

ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں پرتگال اور ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا

June 18, 2026 · اسپورٹس

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں پرتگال کی مایوس کن کارکردگی کے بعد اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی فارم اور ٹیم میں کردار پر شدید سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں پرتگال اور ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ میچ کے آغاز میں پرتگال نے برتری حاصل کی تھی، تاہم بعد ازاں وہ اسے برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔

میچ کے دوران رونالڈو بطور اسٹرائیکر مؤثر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ان کے صرف 25 ٹچز ریکارڈ کیے گئے اور وہ پورے میچ میں ایک بھی شاٹ ٹارگٹ پر نہ لگا سکے۔

ماہرین کے مطابق ڈی آر کانگو نے نہ صرف زیادہ شاٹس لیے بلکہ مجموعی طور پر بہتر اٹیکنگ پرفارمنس بھی دکھائی، جس سے پرتگالی ٹیم کی کمزوریاں واضح ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق 41 سال اور 132 دن کی عمر میں رونالڈو ورلڈ کپ کی تاریخ کے معمر ترین آؤٹ فیلڈ کھلاڑی بن گئے ہیں، جس کے بعد ان کی فٹنس اور رفتار پر مزید بحث شروع ہو گئی ہے۔

اگرچہ کوچ روبرٹو مارٹینز نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار کھلاڑی کو ایسے میچز میں میدان سے باہر رکھنا مشکل فیصلہ ہوتا ہے، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ حالیہ کارکردگی ٹیم کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جب رونالڈو ابتدائی الیون کا حصہ ہوتے ہیں تو پرتگال کی گول اسکورنگ اوسط کم جبکہ ان کی عدم موجودگی میں بہتر کارکردگی سامنے آتی ہے۔

اس صورتحال کے بعد بحث زور پکڑ گئی ہے کہ آیا پرتگال کی ورلڈ کپ مہم میں رونالڈو کا کردار ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا یا دباؤ کا باعث بنے گا۔