عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے کے بعد پاکستان میں ریلیف کی امیدیں بڑھ گئیں

وزیراعظم کی ہدایت پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

June 18, 2026 · کامرس

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان تک بھی پہنچنے لگے ہیں، جس کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر بیان میں کہا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کوششیں مثبت نتائج دے رہی ہیں اور معاہدہ خطے میں استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا شفاف ہفتہ وار فارمولا تیار کرنے کی خاطر اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق نیا فارمولہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بنایا جائے گا تاکہ عوام کو قیمتوں میں تبدیلی کی وجوہات واضح طور پر سمجھ آ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں تیل کی سپلائی چین بلا تعطل جاری رہی ہے اور حکومت توانائی کے تحفظ کے فریم ورک پر بھی نظرثانی کر رہی ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ ریاستی مفادات کے تحفظ اور توانائی سلامتی کے لیے متعدد اقدامات زیر غور ہیں جبکہ بحران کے دوران تعاون پر تمام شراکت داروں اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ نات”