9سالہ ہانیہ کے ساتھ 6سالہ مہک زہرا کوبھی انصاف ملے گا؟

رواں سال فروری کے دوران بھکرمیں بھی ایساہی واقعہ پیش آیاتھا

June 19, 2026 · امت خاص

آپ نے چکوال میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں کی فائرنگ میں 9 سالہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی بچی حانیہ کی موت کی خبر سنی ہوگی لیکن کیا آپ جانتے ہیں چند ماہ قبل بھکر میں سی سی ڈی اور ایک ڈاکو کے درمیان فائرنگ میں ایک 6 سالہ بچی جاں بحق ہوئی تھی۔ فروری میں ماری گئی زہرا کا ذکر اب سے پہلے نہیں ہوا۔ کیونکہ اس کی موت پر نہ تو سی سی ڈی سربراہ کو پریس کانفرنس کرنا پڑی اور نہ آئی جی پنجاب کو وضاحت کیلئے آنا پڑا۔دونوں واقعات میں یہ فرق اور سی سی ڈی کا رویہ الگ الگ کیوں رہا؟
چکوال میںفائرنگ کے مبینہ تبادلے سے ایک آسٹریلوی شہریت رکھنے والی بچی حانیہ نشانہ بن گئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اسے 11 گولیاں لگی تھیں۔
اس معاملے پر آسٹریلوی حکومت نے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ نے پریس کانفرنس کرکے کہا کہ آسٹریلیا کی حکومت کو یقین دلاتے ہیں شفاف تحقیقات ہوں گی، انصاف کریں گے۔رواں سال فروری میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ ہواتھا۔اس میں فائرنگ سے کم سن بچی مہک زہرا جاں بحق ہوئی تھی۔تین پولیس افسران بھی زخمی ہوئے۔

ترجمان سی سی ڈی بھکر کے مطابق مخبر کی اطلاع پر اشتہاری ملزم افتخار پٹھان اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ایک گھر پر چھاپہ مارا گیاتھا۔

ترجمان کے مطابق پولیس کارروائی پر مشتعل ہو کر اشتہاری ملزم نے اسی گھر میں موجود کمسن بچی مہک زہرا کو فائرنگ کر کے ناحق قتل کر دیا۔ملزم نے یہ سنگین قدم اس رنج اور غصے میں اٹھایا کہ اہلِ خانہ نے اس کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو کیوں دی۔

واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔یہ معاملہ ہائی لائٹ نہیں ہوا۔کیا اس لیے کہ مہک زہرا صرف پاکستانی شہری تھی؟ اور اس کے پاس کوئی غیر ملکی شہریت نہیں تھی؟سماجی تنظیمیں اور سوشل میڈیاصارفین سوال اٹھارہے ہیں کہ کیا اسے بھی انصاف دیاجائے گا؟

کمسن بچی کے قتل میں مطلوب اشتہاری ملزم کی گرفتاری کیلئے جانے والی سی سی ڈی پولیس ٹیم پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین پولیس افسران شدید زخمی ہو گئے ، فائرنگ کی زد میں آ کر معصوم بچی مہک زہرا جاں بحق ہو گئی۔