ویمنز ٹی20 ورلڈکپ،بنگلادیش نے پاکستان کو کامیابی کے لیے 124 رنز کا ہدف

پاکستانی باؤلرز میں کپتان فاطمہ ثنا نمایاں رہیں جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 18 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی

June 20, 2026 · اسپورٹس

آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے ایک اہم گروپ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو کامیابی کے لیے 124 رنز کا ہدف دے دیا۔

ساوتھمپٹن میں جاری مقابلے میں بنگلادیشی ٹیم نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز اسکور کیے۔

بنگلادیش کی جانب سے شورنا اختر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر ناقابل شکست 39 رنز بنائے، جبکہ نگار سلطانہ نے 36 اور سبحانہ مستری نے 22 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستانی باؤلرز میں کپتان فاطمہ ثنا نمایاں رہیں جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 18 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سعدیہ اقبال، تسمیہ رباب، نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ میں پاکستان کی یہ تیسری گروپ اسٹیج مہم ہے۔ قومی ویمنز ٹیم اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی، اس لیے بنگلادیش کے خلاف یہ مقابلہ ٹیم کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔