ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2026 میں پاکستان ٹیم نے شکست کی ہیٹرک مکمل کرلی

بنگلادیش نے گروپ مرحلے کے اہم میچ میں 23 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔ یہ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی مسلسل تیسری شکست ہے۔

June 20, 2026 · اسپورٹس

آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2026 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی مشکلات برقرار رہیں، جہاں بنگلادیش نے گروپ مرحلے کے اہم میچ میں 23 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔ یہ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی مسلسل تیسری شکست ہے۔

ساوتھمپٹن میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان کو جیت کے لیے 124 رنز کا ہدف ملا، تاہم ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 49 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، لیکن ابتدائی شراکت ختم ہونے کے بعد مڈل آرڈر مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکا۔ منیبہ علی نے 25 اور گل فیروزہ نے 23 رنز اسکور کیے، جبکہ عائشہ ظفر 11 اور کپتان فاطمہ ثنا 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں۔

بنگلادیش کی جانب سے سنجیدہ اختر اور ناہیدہ اختر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رابعہ خان اور رتو مونی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے۔ شورنا اختر نے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط مجموعہ فراہم کیا، جبکہ نگار سلطانہ نے 36 اور سبحانہ مستری نے 22 رنز بنائے۔

پاکستانی باؤلرز میں کپتان فاطمہ ثنا نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال، تسمیہ رباب، نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف بھی اپنے میچز ہار چکی ہے، جس کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں مزید مشکل ہو گئی ہیں۔