ٹرمپ کی تنقید کا میلونی کا سخت جواب سامنے آگیا
ٹرمپ کے دعووں پر اٹلی کا دوٹوک ردعمل، سیاسی کشیدگی میں اضافہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کے جواب میں اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کا سخت ردعمل سامنے آگیا ہے۔
اطالوی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی مقبولیت میں کسی غیر ملکی رہنما کی دوستی کا کوئی کردار نہیں، بلکہ ان کی عوامی حمایت کا دارومدار اٹلی کے قومی مفادات کے تحفظ اور ان کے مؤثر دفاع پر ہے۔
جارجیا میلونی نے واضح کیا کہ وہ ہمیشہ اٹلی کے مفادات کا دفاع کرتی آئی ہیں اور امریکہ کے ساتھ موجود فوجی اڈوں کے استعمال سے متعلق معاہدوں کا مکمل احترام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ منصبِ وزارت عظمیٰ پر فائز ہیں، ان معاہدوں کی خلاف ورزی ممکن نہیں۔
اطالوی وزیراعظم نے امریکی صدر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مقبولیت امریکا کا مسئلہ نہیں، اور مشورہ دیا کہ صدر ٹرمپ اپنی داخلی مقبولیت پر توجہ دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر جارجیا میلونی پر طنز کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اطالوی وزیراعظم نے متعدد بار ان کے ساتھ تصویر بنوانے کی درخواست کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جی سیون اجلاس کے دوران بھی میلونی نے تصاویر کے لیے کہا تھا، جبکہ اٹلی میں ان کی مقبولیت میں کمی دیکھی جا رہی ہے اور اس کی ایک وجہ ایران کے معاملے پر امریکی مؤقف کی حمایت نہ کرنا بھی بتائی گئی۔