سوئس پہاڑی ریزورٹ ایک بار پھر اہم بین الاقوامی مذاکرات کی میزبان

یہ پرتعیش کمپلیکس جھیل لوسرن کی سطح سے تقریباً 500 میٹر بلند ہے

June 21, 2026 · بام دنیا

ایران اور امریکہ کے وفود آج سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک ریزورٹ میں تکنیکی مذاکرات کے پہلے دور کا آغاز کریں گے۔ یہ دور دراز پہاڑی مقام حساس نوعیت کے بین الاقوامی اجلاسوں کی میزبانی کے لیے پہلے بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔

برگن اسٹاک جھیل لوسرن کے اوپر سوئس کینٹن نِڈوالڈن میں واقع ہے۔ بڑے شہروں سے اس کی جغرافیائی دوری، محدود رسائی، اعلیٰ رہائشی سہولیات اور سخت سکیورٹی اسے ایسے مذاکرات کے لیے موزوں بناتی ہے جہاں رازداری اور محدود نقل و حرکت بنیادی تقاضے ہوں۔

اوریہ پرتعیش کمپلیکس جھیل لوسرن کی سطح سے تقریباً 500 میٹر بلند ہے یہاں پہنچنے کے لیے پہلے کشتی اور پھر پہاڑی ریل (فنیکولر) استعمال کی جاتی ہے، جو اس مقام کی تنہائی اور اہمیت کو مزید نمایاں کرتی ہے۔

برگن اسٹاک ماضی میں بھی کئی اہم عالمی مذاکرات کی میزبانی کر چکا ہے، جن میں سنہ 2002 کے سوڈان امن مذاکرات، سنہ 2004 کے قبرص مذاکرات اور جون سنہ 2024 کا یوکرین امن سربراہی اجلاس شامل ہیں جس میں درجنوں اعلیٰ سطحی وفود شریک ہوئے تھے۔

اس مقام کی تاریخ بھی خاصی قدیم ہے۔ اس مقام پر پہلا ہوٹل سنہ 1873 میں قائم ہوا اور بعد ازاں یہ جگہ فلمی ستاروں کی پسندیدہ جگہ بھی بنی۔ جیمز بانڈ فلم ’گولڈ فنگر‘ کی کہانی کا ایک حصہ بھی اسی مقام سے جڑا ہوا ہے۔