برطانیہ میں خوفناک ٹرین حادثہ،ڈرائیور ہلاک،متعدد مسافر زخمی

28 افراد اسپتال میں داخل ہیں جبکہ 9 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

June 21, 2026 · بام دنیا

 لندن کے شمال میں واقع شہر بیڈفورڈ کے قریب دو مسافر ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم میں ایک ٹرین ڈرائیور ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق حادثہ جمعہ کی شام تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا جب لندن جانے والی دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ ایک ٹرین کا ڈرائیور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں، پولیس، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر 80 سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی، جن میں سے متعدد اب بھی زیر علاج ہیں۔

تازہ اطلاعات کے مطابق 28 افراد اسپتال میں داخل ہیں جبکہ 9 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے عینی شاہدین کے مطابق تصادم اچانک ہوا جس کے باعث ایک بوگی پٹری سے اتر گئی اور مسافروں کو شدید چوٹیں آئیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں ٹرینوں کے اگلے اور پچھلے حصے کو بری طرح تباہ حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق ایک ٹرین ناٹنگھم سے جبکہ دوسری کوربی سے لندن کے سینٹ پینکراس اسٹیشن جا رہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ممکنہ طور پر ایک ٹرین نے دوسری کو عقب سے ٹکر ماری۔

برطانوی وزیراعظم اور بادشاہ چارلس سوم نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ریلوے حادثات کی تحقیقات کرنے والے ادارے اور برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے مشترکہ طور پر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔