ایران یورینیم افزودہ کرنے کے بنیادی حق سے پیچھے نہیں ہٹے گا ، صدر مسعود پزشکیان
رہبرِ اعلی کئی مواقع پر واضح کرتے رہے ہیں کہ ایران کی جوہری بم بنانے کی خواہش نہیں ،تقریب سے خطاب
فائل فوٹو
تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران یورینیم افزدگی کے اپنے بنیادی حق سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا اور رہبرِ اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای کا بھی ہمیشہ سے یہی موقف تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ دوسرے فریق کے پاس ایران کے اس بنیادی حق کو تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ۔
ایرانی پریس ٹی وی کے مطابق اتوار کو تہران میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ رہبرِ اعلی کئی مواقع پر واضح کرتے رہے ہیں کہ ایران کی جوہری بم بنانے کی خواہش نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران امریکہ کا یہی مطالبہ تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں۔
ایرانی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے وفود پاکستان اور قطر کی ثالثی میں سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کر رہے ہیں۔