ثالثی کے بعد ایران کے لیے منجمد اثاثے جاری۔تعمیر نو منصوبے کی راہ ہموار

ایران کے مطابق آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم اور برآمدات پر پابندیاں ہٹانے پر اتفاق

June 22, 2026 · بام دنیا

پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ایران امریکہ مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے بعد امریکہ کی جانب سے ایران کے کچھ منجمد اثاثے جاری کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں لبنان جنگ کے خاتمے کے حوالے سے مذاکرات میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں ایران امریکہ مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے پر ردعمل دیتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے، جبکہ تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر عائد پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں تعمیر نو اور ترقی کے لیے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں حتمی معاہدے کی بنیاد رکھنے کے لیے بات چیت ہوئی، جبکہ دوسرے فریق کی جانب سے ذمہ داریوں پر عملدرآمد کے معاملے میں بھی مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ میں ایران امریکا مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا۔