ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر کا اسرائیل کو جنوبی لبنان چھوڑنےکا انتباہ
قدس فورس کے سربراہ نے اسرائیل کو "ذلت آمیز شکست" سے خبردار کردیا۔
اسلامی انقلابی گارڈ کور کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان سے نکل جائے، بصورت دیگر اسے 2000 میں ہونے والے غیر مشروط انخلا جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق اسماعیل قاآنی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ اگر اسرائیل اپنی “جارحیت اور قبضے” کو جاری رکھتا ہے تو اسے “ذلت اور شکست” کے ساتھ وہاں سے نکال دیا جائے گا۔
قاآنی نے کہا کہ اگر آپ اپنے قدموں پر جنوبی لبنان سے واپس نہیں جاتے تو سال 2000 کا واقعہ دوبارہ دہرایا جائے گا، وہی سال جب آپ اس سرزمین سے ذلت کے ساتھ فرار ہوئے تھے۔ انتخاب آپ کا ہے۔
لبنان میں ہر سال 25 مئی کو یوم آزادی منایا جاتا ہے، جو 2000 میں جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے انخلا کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اسرائیلی فوج نے 22 سالہ قبضے کے بعد اس علاقے سے واپسی کی تھی۔