بنگلہ دیش ملٹری اکیڈمی پاسنگ آؤٹ تقریب میں پاکستانی کمانڈنٹ کی شرکت
صوصی دعوت پر شرکت، دیگر ممالک کے عسکری حکام بھی شریک ہوئے
فائل فوٹو
بنگلہ دیش ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی نے بنگلہ دیش کی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ اس تقریب میں دیگر ممالک کے سینئر عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی نے کہا کہ نوجوان کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت میرے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ہمیشہ بھائی چارے، دوستی اور باہمی احترام کے رشتے میں جڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش بہت خوبصورت ملک ہے اور یہاں جس خلوص اور اپنائیت کا احساس ہوا اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
کمانڈنٹ نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مشورہ دیا کہ وہ محنت اور لگن سے جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں کیونکہ مستقبل میں کامیابی علم اور تکنیکی برتری پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دفاعی تعاون، باہمی اعتماد، پیشہ ورانہ روابط اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کی مظہر ہے۔