پیپلزپارٹی کے امجد حسین بلا مقابلہ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ منتخب

اسمبلی اجلاس میں کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے

June 22, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

گلگت: پاکستان پیپلزپارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ بلا مقابلہ گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔ اسپیکر عمران ندیم کی زیرصدارت ہونے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں ان کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے لیے کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ ایوان میں موجود تمام ارکان نے امجد حسین ایڈووکیٹ کی حمایت کی۔

امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کے پانچویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ وہ حالیہ الیکشن میں جی بی اے 1 گلگت سے کامیاب ہوئے تھے اور پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں۔

وہ 2010 سے 2015 تک گلگت بلتستان کونسل کے رکن رہے جبکہ 2020 کے انتخابات میں انہوں نے دو حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

نومنتخب وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس سے قبل پیپلزپارٹی کے عمران ندیم بلا مقابلہ اسپیکر جبکہ ن لیگ کے کفایت الرحمٰن ایڈووکیٹ بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔

دوسری جانب اپوزیشن اراکین کی درخواست پر اسپیکر عمران ندیم نے ن لیگ گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمان کو اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کر دیا ہے۔