متوسط طبقے کی گاڑیاں تین سے7 لاکھ روپے سستی ہونے کا امکان

قیمتوں میں کمی سے صارفین کو براہ راست ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

June 26, 2026 · کامرس

حکومت کی جانب سے درآمدی گاڑیوں پر عائد کسٹمز ڈیوٹی میں نمایاں کمی کیے جانے کے بعد مختلف کیٹیگریز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کمی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔متوسط طبقے کی گاڑیاں تین سے 7 لاکھ روپے سستی ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق 660 سی سی درآمدی گاڑیاں 3 سے 5 لاکھ روپے، 1300 سی سی گاڑیاں 5 سے 7 لاکھ روپے جبکہ 1800 سی سی درآمدی گاڑیوں کی قیمت میں 10 لاکھ روپے یا اس سے زائد کمی متوقع ہے۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی میں کمی سے درآمدی گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوں گی، جس سے صارفین کو براہ راست ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ شاید پہلی مرتبہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کے نتیجے میں پاکستان کے شہریوں کو براہ راست مالی فائدہ حاصل ہوگا۔ تاہم حکومت کی جانب سے اس حوالے سے تفصیلی باضابطہ وضاحت کا انتظار ہے۔