ناک آؤٹ مرحلے میں نہ پہنچنے پر سکاٹ لینڈ کے ہیڈ کوچ نے استعفیٰ دے دیا
ورلڈ کپ میں سکاٹ لینڈ نے گروپ مرحلے کا آغاز ہیٹی کے خلاف ایک صفر سے کامیابی کے ساتھ کیا
فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل نہ کر سکنے کے بعد سکاٹ لینڈ کے ہیڈ کوچ اسٹیو کلارک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
اسٹیو کلارک گزشتہ سات برس سے سکاٹ لینڈ کی قومی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ ورلڈ کپ میں سکاٹ لینڈ نے گروپ مرحلے کا آغاز ہیٹی کے خلاف ایک صفر سے کامیابی کے ساتھ کیا، تاہم بعد ازاں مراکش کے ہاتھوں ایک صفر اور برازیل کے خلاف تین صفر سے شکست نے ٹیم کی اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدیں کمزور کر دیں۔
سکاٹ لینڈ کی قسمت کا فیصلہ گروپ ایل میں کھیلے گئے کروشیا اور گھانا کے میچ سے ہونا تھا، جہاں کروشیا نے گھانا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سکاٹ لینڈ کی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کی آخری امید بھی ختم کر دی۔
سکاٹش فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں اسٹیو کلارک کے استعفے کی تصدیق کی گئی۔ اپنے الوداعی پیغام میں انہوں نے ایسوسی ایشن، کھلاڑیوں اور شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹیم کی قیادت پر فخر ہے اور انہوں نے نئے ہیڈ کوچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔