اسلام آباد میں یو فون 5G کا کامیاب تجربہ، 300MB سے زائد رفتار ریکارڈ
فائیو جی سگنلز کی آمد کے ساتھ ہی انٹرنیٹ براؤزنگ اور لائیو اسٹریمنگ کی رفتار میں غیر معمولی اضافہ
فائل فوٹو
اسلام آباد : ملک میں فائیو جی (5G) ٹیکنالوجی کے باقاعدہ اور تجارتی آغاز سے قبل ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معروف ٹیلی کام آپریٹر ‘یوفون’ (Ufone) کے 5G سگنلز نمودار ہونا شروع ہو گئے ، جہاں آزمائشی مرحلے میں صارفین کو 300 Mbps سے زائد کی تیز ترین ڈاؤن لوڈنگ اسپیڈ موصول ہو رہی ہے۔
ٹیکنالوجی ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے رواں سال مارچ میں 5G اسپیکٹرم کی نیلامی کے کامیاب انعقاد کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں نے اپنے نیٹ ورکس کو اپ گریڈ کرنے کا کام تیز کر دیا ہے۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں یوفون صارفین کے موبائل فونز پر فائیو جی نیٹ ورک کے سگنلز موصول ہوئے، جس کے بعد کیے گئے اسپیڈ ٹیسٹ میں انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈنگ اسپیڈ 300 سے 350 میگابائٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔
صارفین کا کہنا ہے کہ فائیو جی سگنلز کی آمد کے ساتھ ہی انٹرنیٹ براؤزنگ اور لائیو اسٹریمنگ کی رفتار میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ پنگ (Ping) کی شرح انتہائی کم ہونے سے آن لائن گیمنگ کا تجربہ بھی بہتر ہوا ہے۔
صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یوفون اس وقت مارکیٹ میں سب سے اہم یعنی 3500 میگاہرٹز (MHz) فریکوئنسی بینڈ کا سب سے بڑا حصہ رکھتا ہے، جو عالمی سطح پر 5G کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ اسی اسٹریٹجک برتری اور نیٹ ورک اپ گریڈیشن کی بدولت کمپنی اپنے صارفین کو ابتدائی ٹیسٹنگ میں ہی بہترین اسپیڈ فراہم کرنے میں کامیاب ہو رہی ہے۔
ٹیلی کام ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ سروسز فی الحال آزمائشی مرحلے میں ہیں اور دارالحکومت کے مخصوص سیل سائیٹس (ٹاورز) پر فعال کی گئی ہیں، جن کا دائرہ کار جلد ہی دیگر بڑے شہروں تک بڑھایا جائے گا جس کے بعد کمپنی کی جانب سے کمرشل لانچ کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔