فیفا ورلڈ کپ:امریکا اور بیلجیئم پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
پہلا گول فولارین بالوگن نے کیا، جبکہ اختتامی لمحات میں مالک ٹل مین نے فری کک پر خوبصورت گول کر کے کامیابی یقینی بنا دی۔
سانتا کلارا: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں امریکا اور بیلجیئم نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
امریکی ٹیم نے بوسنیا و ہرزیگووینا کو 2-0 سے شکست دے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ امریکا نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف ٹیم کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ پہلا گول فولارین بالوگن نے کیا، جبکہ اختتامی لمحات میں مالک ٹل مین نے فری کک پر خوبصورت گول کر کے کامیابی یقینی بنا دی۔
میچ کے دوران امریکا کو اس وقت دھچکا لگا جب دوسرے ہاف میں ایک کھلاڑی کو خطرناک فاؤل پر وی اے آر جائزے کے بعد ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔ اس کے باوجود امریکی ٹیم نے دس کھلاڑیوں کے ساتھ عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔
دوسری جانب بیلجیئم نے سینیگال کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 3-2 سے کامیابی حاصل کر کے آخری 16 مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر لی۔
اب پری کوارٹر فائنل میں امریکا اور بیلجیئم آمنے سامنے ہوں گے، جہاں دونوں ٹیمیں کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے مقابلہ کریں گی۔ یہ اہم میچ 6 جولائی کو سیئٹل میں کھیلا جائے گا۔