جدہ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر،پی سی بی اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کےدرمیان معاہدہ

دونوں ممالک کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی بہتری، آپریشنل معیار کی ترقی، اور کھیل کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔

July 2, 2026 · اسپورٹس
جدہ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر،پی سی بی اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کےدرمیان معاہدہ

پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔

معاہدے کے تحت سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک جدید اور بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

دونوں اداروں کے درمیان ہونے والے اس معاہدے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیئرمین سعودی کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کیے۔

ایم او یو کے مطابق دونوں ممالک کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی بہتری، آپریشنل معیار کی ترقی، اور کھیل کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف کرکٹ کی ترقی میں مددگار ہوگی بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔

معاہدے کے تحت سعودی عرب میں نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور کرکٹ کے نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین کے مطابق یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔