قومی ٹیسٹ اسکواڈ۔ نئے کپتان کا اعلان آج متوقع

سلیکشن کمیٹی قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرے گی، بابر اعظم کے نام کا امکان

July 5, 2026 · اسپورٹس

پاکستان کرکٹ بورڈ آج قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کرے گا، جبکہ اسی موقع پر ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان کے نام کا بھی باضابطہ اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔

پی سی بی کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی صبح 11 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اسکواڈ کی تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کا فیصلہ تقریباً حتمی ہے اور وہ شان مسعود کی جگہ کپتان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بابر اعظم بھی پریس کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد بھی سلیکشن کمیٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کریں گے، جبکہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام اور بابر اعظم کے درمیان مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور تمام اہم معاملات طے پا گئے ہیں۔