فیفا ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ۔ناروے نے برازیل کو شکست دیدی

ہالینڈ کے دو گول فیصلہ کن ثابت، نیمار کی پنالٹی بھی برازیل کو شکست سے نہ بچا سکی

July 6, 2026 · اسپورٹس

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 2-1 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا اور پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔

ہالینڈ نے 79ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ناروے کو برتری دلائی، جبکہ مقررہ وقت کے 90ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی یقینی بنا دی۔

برازیل کی جانب سے واحد گول نیمار جونیئر نے اختتامی لمحات میں پنالٹی کک پر کیا، لیکن یہ گول ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔

اس تاریخی فتح کے ساتھ ناروے پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، جبکہ ریکارڈ پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والی برازیل کی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

کوارٹر فائنل میں ناروے کا مقابلہ انگلینڈ اور میکسیکو کے درمیان ہونے والے پری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔