نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب
مشین کی نمایاں خصوصیت اس کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اسکرین ہے، جس پر بولر کے ایکشن کی اینیمیشن دکھائی جاتی ہے۔
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کی تربیت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی ہے، جسے جدید کرکٹ ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پی سی بی کے مطابق یہ جدید مشین بیٹرز کو حقیقی میچ جیسا ماحول فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے وہ مختلف قسم کی بولنگ کے خلاف بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں گے۔
مشین کی نمایاں خصوصیت اس کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اسکرین ہے، جس پر بولر کے ایکشن کی اینیمیشن دکھائی جاتی ہے۔ اس فیچر کی بدولت بیٹرز کو بولر کے ریلیز پوائنٹ، ایکشن اور گیند کے وقت کا بہتر اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے۔
GREAT INITIATIVE BY THE PCB
In a major boost to player development, state-of-the-art bowling machines have been installed at the National Cricket Academy (NCA) to upgrade its training infrastructure.
The cutting-edge equipment is set to enhance high-performance training by…
— Kashif (@KashifNdmCric) July 6, 2026
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس جدید مشین میں لائن، لینتھ، رفتار، سوئنگ اور گیند کی اونچائی سمیت مختلف پہلوؤں کو ضرورت کے مطابق تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کوچز اور کھلاڑی مخصوص گیندوں، اوورز اور مکمل اسپیلز کو محفوظ کر کے بعد میں دوبارہ استعمال بھی کر سکتے ہیں، جس سے میچ جیسی صورتحال تخلیق کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ ٹرو مین 3 جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس بولنگ مشین ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اسے استعمال کرنے والا دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ بن گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ روایتی بولنگ مشینوں میں بیٹرز کو بولر کے ریلیز پوائنٹ کا اندازہ لگانے میں دشواری پیش آتی تھی، جبکہ نئی مشین میں بولر کے ایکشن کی ویڈیو کے ذریعے کھلاڑی زیادہ مؤثر انداز میں اپنی تیاری کر سکتے ہیں۔
قومی آل راؤنڈر سلمان علی آغا کے مطابق یہ جدید ٹیکنالوجی بیٹرز کو بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے میں مدد دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ گیند بولر کے ایکشن کے ساتھ آتی ہے، اس لیے بیٹرز کو حقیقی میچ کی طرح اپنی ٹائمنگ برقرار رکھنی پڑتی ہے، جو ان کی کارکردگی میں بہتری کا باعث بنے گی۔