23 سال سے میرا کیریئر ختم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔کرسٹیانو رونالڈو

ریٹائرمنٹ کا فیصلہ خود کروں گا، تنقید نے مجھے مزید مضبوط بنایا، پرتگالی کپتان

July 6, 2026 · اسپورٹس

پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ناقدین کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 23 برس سے ان کا کیریئر ختم کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، لیکن ہر بار یہ کوشش ناکام ثابت ہوئی۔

اسپین کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے ناک آؤٹ مرحلے کے اہم میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے 41 سالہ رونالڈو نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ اب پہلے جیسے کھلاڑی نہیں رہے، تاہم وہ اب بھی قومی ٹیم کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں ورلڈ کپ میں اب تک تین گول کر چکے ہیں اور ہر میچ میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

رونالڈو نے واضح کیا کہ بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ صرف وہ خود کریں گے اور کسی کے دباؤ یا مشورے پر ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل تنقید نے انہیں مایوس کرنے کے بجائے مزید مضبوط بنایا ہے، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔

پرتگالی اسٹار کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ جیتنا یا نہ جیتنا ان کی شخصیت کو تبدیل نہیں کرے گا، کیونکہ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں ہر میچ پوری لگن اور بھرپور صلاحیت کے ساتھ کھیلا ہے۔

اسپین کے خلاف میچ کے حوالے سے رونالڈو نے کہا کہ یہ ایک سخت اور دلچسپ مقابلہ ہوگا، جس میں کامیابی کے لیے پرتگال کو جذبے، محنت اور بہادری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔