ناروے سے شکست کے بعد نیمار جونیئر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
شکست کے بعد ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر نیمار جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی آبدیدہ ہوگئے۔
فائل فوٹو
نیو جرسی:فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار جونیئر نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں ناروے نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ برازیل کا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈ نے اسکور کیے، انہوں نے پہلا گول 79 ویں اور دوسرا 90 ویں منٹ میں کیا جبکہ برازیل کی جانب سے واحد گول نیمار جونیئر نے میچ کے اختتامی لمحات میں پنالٹی کک پر اسکور کیا۔
شکست کے بعد ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر نیمار جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی آبدیدہ ہوگئے، بعد ازاں انہوں نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیلین صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے کہا کہ میں نے پوری کوشش کی، یہ سب یہیں اسی سٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور میں نے یہیں اس کا اختتام کیا، اب یہ سب ختم ہو چکا ہے۔