فیفا نے امریکی فٹبالر پر پابندی معطل کرنے کے فیصلے کیخلاف بیلجیئم کی اپیل مسترد کر دی
بیلجیئن فٹبال ایسوسی ایشن کو امریکی فٹبالر بالوگن کیس میں اپیل کا قانونی اختیار حاصل نہیں، وہ اس کیس کی فریق نہیں، فیفا
فائل فوٹو
زیورخ : فیفا اپیل کمیٹی نے امریکی فٹبالر بالوگن پر پابندی معطل کرنے کے خلاف رائل بیلجیئن فٹبال ایسوسی ایشن کی اپیل ناقابل سماعت قرار دے دی۔
فیفا اپیل کمیٹی کا کہنا ہےکہ بیلجیئن فٹبال ایسوسی ایشن کو امریکی فٹبالر بالوگن کیس میں اپیل کا قانونی اختیار حاصل نہیں، وہ اس کیس کی فریق نہیں، اس لیے اپیل نہیں کرسکتی۔
رپورٹ کے مطابق فیفا اپیل کمیٹی کے امریکی چیئرمین نیل ایگلسٹن نے اس فیصلے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔
خیال رہے کہ امریکی فٹبالر بالوگن کو بوسنیا کے خلاف میچ میں ریڈکارڈ پر ایک میچ کی معطلی کا سامنا تھا جس کے باعث وہ 7 جولائی کو بیلجیئم کے خلاف ہونے والے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں تھے، تاہم اس موقع پر امریکی ٹرمپ مدد کے لیے آئے اور انہوں نے بالوگن کی معطلی ختم کروادی۔
فیفا نے بالوگن کی معطلی پر عملدرآمد ایک سال کے لیے معطل کر دیا جس کے بعد اب وہ بیلجیئم کے خلاف کھیلنےکے لیے دستیاب ہیں۔
بیلجیئم نے فیفا کے اس فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔یورپی فٹبال ایسوسی ایشنز یوئیفا نے امریکی فٹبالر کی ریڈکارڈ پابندی سال بھر کے لیے معطل کرنے کے فیصلےکو سرخ لکیر عبور کرنا قرار دیا تھا۔