ٹرمپ نے زور زبردستی سے اپنا فٹبالر کھلا لیا۔ فیفا کا جرمانے کا اعلان

فیفا کا انضباطی فیصلہ،ریڈ کارڈ برقرار مگر ایک میچ کی پابندی ایک سال کے لیے معطل

July 7, 2026 · اسپورٹس

فیفا نے امریکی فٹبال ٹیم کے فارورڈ فولارین بالوگن کے ریڈ کارڈ اور میچ کے بعد جشن منانے سے متعلق انضباطی کارروائی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے ان پر 40 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

فیفا کے بیان کے مطابق بالوگن کی ایک میچ کی خودکار معطلی کو ایک سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے، جس کے باعث وہ ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں بیلجیم کے خلاف امریکہ کی نمائندگی کرنے کے اہل ہوں گے۔

فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے قرار دیا کہ بالوگن سنگین فاؤل پلے اور بدانتظامی کے مرتکب ہوئے، کیونکہ ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد وہ دوبارہ میدان میں داخل ہوئے اور ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منایا۔

فیفا نے واضح کیا کہ بالوگن کا ریڈ کارڈ برقرار ہے اور اسے منسوخ نہیں کیا گیا، تاہم صرف اس کے نتیجے میں لگنے والی ایک میچ کی لازمی پابندی پر ایک سال کے لیے عمل درآمد معطل کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ فیفا کے ڈسپلنری کوڈ کے آرٹیکل 27 کے تحت کیا گیا، جس کے مطابق بعض حالات میں سزا کو آزمائشی بنیادوں پر معطل کیا جا سکتا ہے۔

فیفا نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ڈسپلنری کمیٹی نے فیفا ڈسپلنری کوڈ کے تحت حاصل اختیارات کے مطابق کارروائی کی ہے۔