میکسیکو انگلینڈ میچ نے تاریخ رقم کر دی
اس سنسنی خیز میچ کو امریکا میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 48 لاکھ افراد نے دیکھا
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں میکسیکو اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا راؤنڈ آف 16 کا مقابلہ امریکا کی ٹی وی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا فٹبال میچ بن گیا ہے۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اس سنسنی خیز میچ کو امریکا میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 48 لاکھ افراد نے دیکھا، جس کے ساتھ ہی اس نے امریکا اور بیلجیم کے درمیان کھیلے گئے سابقہ ورلڈ کپ میچ کا ریکارڈ توڑ دیا، جسے تقریباً 4 کروڑ 20 لاکھ ناظرین نے دیکھا تھا۔
رپورٹس کے مطابق میچ کو ٹیلیمونڈو پر 2 کروڑ 32 لاکھ جبکہ فاکس اسپورٹس پر 2 کروڑ 17 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا۔ یہ مقابلہ امریکی چینل پر نشر ہونے والا امریکی ٹیم کے بغیر انگلش زبان میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ورلڈ کپ میچ بھی بن گیا۔
میچ کے آخری لمحات میں فاکس چینل کی ویورشپ بڑھ کر 2 کروڑ 57 لاکھ تک پہنچ گئی۔
میکسیکو سٹی کے تاریخی ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں انگلینڈ نے 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
حکام کے مطابق یہ ابتدائی اعداد و شمار ہیں، جبکہ نیلسن کی حتمی ریٹنگز جاری ہونے کے بعد ناظرین کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔