آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں تبدیلی پر غور

مجوزہ تبدیلیوں کا مقصد بڑے مقابلوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے، جس سے پاکستان اور بھارت سمیت روایتی حریفوں کے درمیان مزید میچز دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

July 14, 2026 · اسپورٹس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مستقبل کے عالمی ایونٹس کو مزید دلچسپ اور مسابقتی بنانے کے لیے ون ڈے ورلڈ کپ سمیت مختلف ٹورنامنٹس کے فارمیٹس میں تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ون ڈے ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کی تعداد 14 سے کم کرکے 12 کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے، جبکہ 2027 کے ورلڈ کپ میں سپر سیون مرحلہ متعارف کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مجوزہ تبدیلیوں کا مقصد بڑے مقابلوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے، جس سے پاکستان اور بھارت سمیت روایتی حریفوں کے درمیان مزید میچز دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے سیمی فائنل مرحلہ شامل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ اس اقدام سے درمیانی درجہ بندی والی ٹیموں کو بھی فائنل تک رسائی کے زیادہ مواقع مل سکتے ہیں، جس سے ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی بڑھنے کی توقع ہے۔

ادھر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موجودہ سپر ایٹ مرحلے کو سپر ٹین میں تبدیل کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فٹ بال کے کلب ورلڈ کپ کی طرز پر مستقبل میں ورلڈ کلب ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی کام جاری ہے، جبکہ روایتی دوطرفہ سیریز کے بجائے چار ملکی منی ٹورنامنٹس کرانے کی تجاویز بھی زیرِ غور ہیں۔

تاہم ان تمام تجاویز پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور آئی سی سی کی جانب سے ان تبدیلیوں کا باضابطہ اعلان بھی تاحال نہیں کیا گیا۔