امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی دوبارہ سخت کر دی

ایرانی ساحلی علاقوں سے آنے جانےوالی بحری نقل و حرکت پرکڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

July 15, 2026 · بام دنیا

امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں سے آنے اور جانے والے بحری جہازوں کی ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی گئی ہے۔

امریکی فوج کے مطابق مشرق وسطیٰ میں اس وقت 20 سے زائد جنگی بحری جہاز جبکہ سیکڑوں فوجی طیارے مختلف آپریشنل سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

فوج کا کہنا ہے کہ خطے میں بحری نگرانی اور عسکری موجودگی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں امریکی بحریہ کے 20 سے زیادہ جنگی جہاز اور سیکڑوں فوجی طیارے تعینات ہیں۔ امریکی افواج بدستور چوکس، مہلک اور کارروائی کے لیے تیار ہیں۔‘

اس سے ایک گھنٹہ قبل جاری ایک اور بیان میں امریکی سینٹکام کا کہنا تھا کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف حملوں کا ایک اور سلسلہ شروع کیا ہے جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والی ایرانی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا ہے۔

ایرانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ملک کے جنوب میں واقع کئی علاقوں بشمول بندر عباس، سیریک اور اہواز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایران کی مہر نیوز ایجنسی نے ہرمزگان کے گورنر کے حوالے سے بتایا ہے کہ بندر عباس شہر کے قریب ایک مقام کو امریکی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تاہم اس سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے جبکہ سیریک شہر کو بھی ایک ’امریکی میزائل‘ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔