ایرانی حملے میں کویتی بحری جہاز نشانہ، 4 اہلکار زخمی
کویتی فوج کی تصدیق،زخمی اہلکاروں کی حالت مستحکم، متعدد میزائل اور ڈرون بھی تباہ کیے گئے۔
کویتی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران سے منسوب حملے میں بحریہ کا ایک نیول جہاز نشانہ بنا، جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہوگئے۔
فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق منگل کے روز ہونے والے حملے میں زخمی ہونے والے چاروں اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کویتی مسلح افواج نے اسی روز ایک بیلسٹک میزائل، چار کروز میزائل اور 33 ڈرونز کو تباہ کرکے ان کے ممکنہ اہداف تک پہنچنے سے روک دیا۔ فوج کے مطابق ان حملوں کا مقصد اہم فوجی اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔
کویتی حکام کا کہنا ہے کہ تباہ کیے گئے میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ مختلف علاقوں میں گرنے سے کچھ مقامات پر مادی نقصان بھی ریکارڈ کیا گیا، تاہم صورتحال قابو میں ہے۔