اقوام متحدہ کا امریکہ اور ایران سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ
انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے شہریوں کے تحفظ،سفارتکاری کی بحالی پر زور دے دیا۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے امریکہ اور ایران سے فوری جنگ بندی اور سفارتی عمل کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جاری کشیدگی کے باعث خطے میں انسانی حقوق کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وولکر ترک نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جبکہ امریکا اور خطے کے دیگر ممالک میں شہری تنصیبات اور املاک کو بھی نقصان پہنچنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کا سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام فریق بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قانون کی مکمل پاسداری کریں تاکہ شہری آبادی اور ان کی املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
وولکر ترک نے خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز کی صورتحال مزید بگڑتی ہے تو اس کے انسانی، معاشی اور سماجی اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کی طرف واپس آئیں اور اختلافات کے حل کے لیے سفارتکاری کا راستہ اختیار کریں۔