غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ۔ ایک ہی خاندان کے 4 افراد شہید
وسطی غزہ کے شہردیر البلح میں رہائشی مکان پر علی الصبح حملہ،متعدد علاقوں میں بمباری جاری۔
July 15, 2026 · بام دنیا
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں اسرائیلی ہیلی کاپٹر کے فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد شہید ہوگئے، جن میں ایک 6 سالہ بچی بھی شامل ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق بدھ کی علی الصبح ہونے والے حملے میں رہائشی مکان کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 33 سالہ عمر سمیع احمد ابو قاسم، ان کی اہلیہ اسماء غازی ابو قاسم، ان کی 6 سالہ بیٹی حبیبہ عمر سمیع ابو قاسم سمیت خاندان کے چار افراد شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی گولہ باری اور فضائی حملوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔