سیمی فائنل جیتنے کے بعد ارجنٹائنی کھلاڑیوں کا بینر تنازع بن گیا

ہسپانوی زبان میں "لاس مالویناس سون ارجنٹیناس" درج تھا، جس کا مفہوم ہے کہ "فاک لینڈ (مالویناس) جزائر ارجنٹینا کے ہیں"۔

July 16, 2026 · اسپورٹس

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد ارجنٹینا کی قومی ٹیم کو جشن کے دوران سیاسی نوعیت کا بینر لہرانے پر ممکنہ تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

میچ کے اختتام پر چند ارجنٹائنی کھلاڑیوں نے ایک بینر اٹھایا، جس پر ہسپانوی زبان میں “لاس مالویناس سون ارجنٹیناس” درج تھا، جس کا مفہوم ہے کہ “فاک لینڈ (مالویناس) جزائر ارجنٹینا کے ہیں”۔

فاک لینڈ جزائر برطانیہ کے زیر انتظام ہیں، جبکہ ارجنٹینا طویل عرصے سے ان پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا آیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 1982 میں انہی جزائر کے تنازع پر جنگ بھی ہو چکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق فیفا کے قوانین کھیل کے دوران سیاسی پیغامات یا مظاہروں کی اجازت نہیں دیتے، اسی وجہ سے اس واقعے کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ ماضی میں بھی 2014 میں اسی نوعیت کے معاملے پر ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب ارجنٹینا کی نائب صدر وکٹوریہ ویارویل نے سوشل میڈیا پر اس بینر کی حمایت کرتے ہوئے فاک لینڈ جزائر پر ارجنٹینا کے مؤقف کا اعادہ کیا۔

اس کے برعکس قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی نے اس سے قبل واضح کیا تھا کہ فٹبال کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے اور کھلاڑیوں کی توجہ صرف کھیل پر مرکوز ہونی چاہیے۔

یاد رہے کہ ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنائی۔