امریکی دباؤ پر بھارت میں سکھوں کا قاتل تھانیدار گرفتار
ہوشیار پور پولیس نے پنجاب پولیس کے انسپکٹر گروندرجیت سنگھ ناگرا کو حراست میں لیا ہے
بھارتی ریاست پنجاب میں پولیس نے ایک سابق تھانیدار کو امریکا میں مقیم سکھ خاندان کو نشانہ بنانے اور بین الاقوامی بھتہ خوری کے نیٹ ورک سے تعلق کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق ہوشیار پور پولیس نے پنجاب پولیس کے انسپکٹر گروندرجیت سنگھ ناگرا کو حراست میں لیا ہے، جو ٹانڈہ پولیس اسٹیشن کے سابق اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) رہ چکے ہیں۔
تفتیشی حکام کا الزام ہے کہ معاملہ ایک ایسے بین الاقوامی نیٹ ورک سے جڑا ہوا ہے جو امریکا میں موجود سکھ خاندان کو مبینہ طور پر دھمکیوں اور بھتہ خوری کے ذریعے نشانہ بنا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر کی گرفتاری تحقیقات میں اہم پیش رفت ہے، جبکہ مزید افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی حکام بھی اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تفتیش کا دائرہ مزید اعلیٰ سطح تک بڑھ سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔