اسرائیلی فضائی حملے میں مزید 6 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے
غزہ سٹی میں اسرائیلی فورسز کے تازہ فضائی حملے میں مزید 6 فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ شہر کے مغربی علاقے میں واقع ایک رہائشی عمارت کے اپارٹمنٹ پر کیا گیا،
جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دیں۔
رپورٹس کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب غزہ کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دیگر اسرائیلی حملوں میں بھی کم از کم 14 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں نصف سے زیادہ افراد اس ڈرون حملے کا نشانہ بنے جو ایک جنازے کے جلوس کے دوران کیا گیا۔ حملے کے وقت لوگ نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے جمع تھے، جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔
غزہ میں جاری کشیدگی کے باعث شہریوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ امدادی ادارے انسانی بحران مزید سنگین ہونے کے خدشات ظاہر کر رہے ہیں۔