فیفا ورلڈ کپ 2026 فائنل: شکیرا اور برنا بوائے کے ہاف ٹائم شو کی تیاریاں عروج پر

یہ پہلا موقع ہوگا کہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں سپر باؤل طرز کا ہاف ٹائم شو پیش کیا جائے گا،

July 18, 2026 · اسپورٹس

نیو جرسی: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور نائجیرین موسیقار برنا بوائے کے ہاف ٹائم شو کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں، جبکہ ریہرسل کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

شکیرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریہرسل کی مختصر ویڈیو اور چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، “اتوار کے لیے تیار ہیں، ورلڈ کپ فائنل میں ملاقات ہوگی۔” ان کی پوسٹ کو چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں صارفین نے پسند کیا، جبکہ مداحوں نے شو کے لیے بے حد جوش و خروش کا اظہار کیا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا اور اسپین کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، تاہم شائقین کی توجہ پہلی مرتبہ ہونے والے خصوصی ہاف ٹائم شو پر بھی مرکوز ہے۔

رپورٹس کے مطابق شکیرا اور برنا بوائے ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل ترانے پر پرفارم کریں گے، جس کا مقصد فٹبال کے ذریعے عالمی یکجہتی کو فروغ دینا اور فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ کی حمایت کرنا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ اس خصوصی میوزیکل شو میں متعدد عالمی فنکار بھی شرکت کریں گے، جن میں جسٹن بیبر، میڈونا، بی ٹی ایس، گستاوو ڈوڈامل، پی ایس 22 کورس، کولڈ پلے کے اراکین، سیسمی اسٹریٹ اور دی مپٹس کے معروف کردار شامل ہو سکتے ہیں۔ تاہم ان تمام فنکاروں کی شرکت کے حوالے سے فیفا کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں سپر باؤل طرز کا ہاف ٹائم شو پیش کیا جائے گا، جسے ٹورنامنٹ کی تاریخ کی منفرد اور یادگار تقریبات میں شمار کیا جا رہا ہے۔