پشاور میں چیمپئنز کرکٹ لیگ کا رنگا رنگ افتتاح

چیمپئنز کرکٹ لیگ جیسے ٹورنامنٹس نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔شاہد آفریدی

July 18, 2026 · اسپورٹس

پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں چیمپئنز کرکٹ لیگ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جہاں سابق قومی کپتان شاہد آفریدی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پشاور ان کا اپنا شہر ہے اور یہاں آ کر ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز کرکٹ لیگ جیسے ٹورنامنٹس نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے مزید نکھارنے کے لیے جدید کرکٹ اکیڈمیز اور بہتر تربیتی سہولیات کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیمپئنز کرکٹ لیگ کا مقصد صوبے کا مثبت اور پُرامن تشخص اجاگر کرنا اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیگ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور منصوبہ ہے کہ اس ایونٹ کو ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جائے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نرسری ہے اور قومی ٹیم کے متعدد کھلاڑی اسی صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔

گورنر نے مزید کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کو مثبت مواقع میسر آتے ہیں، جو معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔