اردن،ایرانی حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک،سینٹکام نے تصدیق کر دی

17 جولائی کو اردن میں تعینات امریکی اور اتحادی افواج ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے خلاف دفاعی کارروائیوں میں مصروف تھیں

July 18, 2026 · بام دنیا

 

واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے تصدیق کی ہے کہ اردن میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران دو امریکی فوجی ہلاک جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

سینٹکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 17 جولائی کو اردن میں تعینات امریکی اور اتحادی افواج ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے خلاف دفاعی کارروائیوں میں مصروف تھیں، اسی دوران دو امریکی فوجی جان کی بازی ہار گئے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایک امریکی فوجی تاحال لاپتا ہے۔

امریکی فوج کے مطابق چار زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے اردن کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد کے بعد انہیں فارغ کر دیا گیا، جبکہ معمولی زخمی دیگر اہلکار بھی طبی معائنے کے بعد دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔

سینٹکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت ان کے اہل خانہ کو باضابطہ اطلاع دینے کے بعد جاری کی جائے گی۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اردن میں واقع امریکی الازرق ایئر بیس کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ ایرانی بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ حملے میں بیس پر موجود فوجی تنصیبات اور متعدد طیاروں کو نقصان پہنچا۔

تاہم امریکی حکام نے ایرانی دعوؤں کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں کی، جبکہ روسی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا کہ حملے سے قبل امریکی اہلکاروں کا مکمل انخلا نہیں کیا گیا تھا۔

نوٹ: اس خبر میں شامل ایرانی دعوے آزاد ذرائع سے تصدیق شدہ نہیں ہیں، جبکہ امریکی فوج نے صرف اپنے فوجیوں کی ہلاکت، زخمی ہونے اور ایک اہلکار کے لاپتا ہونے کی تصدیق کی ہے۔