فیفا ورلڈ کپ فائنل آج، ارجنٹائن اور اسپین ٹائٹل کے لیے مدمقابل

فائنل میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال پر شائقین کی نظریں مرکوز ہوں گی

July 19, 2026 · اسپورٹس

نیو جرسی: فیفا ورلڈ کپ کا فائنل آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے نیو جرسی میں کھیلا جائے گا، جہاں ارجنٹائن اور اسپین عالمی چیمپئن بننے کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔

فائنل میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال پر شائقین کی نظریں مرکوز ہوں گی۔ دونوں ٹیمیں بہترین فارم میں ہونے کے باعث ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

میچ دنیا بھر کے مختلف اسپورٹس براڈکاسٹرز پر براہ راست نشر کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی فٹبال شائقین بڑی اسکرینوں پر فائنل دیکھنے کے خصوصی انتظامات کر رہے ہیں۔

فائنل سے قبل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ تقریب میں امریکی گلوکار پوسٹ میلون پرفارم کریں گے، جبکہ ای جی او ٹی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ جینیفر ہڈسن قومی ترانہ پیش کریں گی۔

ہاف ٹائم شو میں جسٹن بیبر، میڈونا، شکیرا، جنوبی کوریا کے بینڈ بی ٹی ایس، نائجیرین گلوکار برنا بوائے اور معروف آرکسٹرا کنڈکٹر گستاوو دودامل اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

فیفا کے مطابق اس بار چیمپئن ٹیم کو روایتی ورلڈ کپ ٹرافی اور طلائی تمغوں کے ساتھ پہلی مرتبہ خصوصی چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں ایک نئی روایت ہوگی۔

ادھر فائنل کی وجہ سے نیویارک اور نیو جرسی میں ہوٹلوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کئی مقامات پر ہوٹل کمروں کے کرایے معمول سے کئی گنا بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث دنیا بھر سے آنے والے شائقین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔