فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟
ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 5 کروڑ امریکی ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر حاصل کرے گی۔
نیو جرسی: فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اب ٹورنامنٹ کا صرف فائنل میچ باقی ہے، جہاں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اور اسپین عالمی ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گے۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 5 کروڑ امریکی ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر حاصل کرے گی۔
تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ملیں گے، جبکہ چوتھے نمبر پر رہنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
ورلڈ کپ 2026، جو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جا رہا ہے، تاریخ کا پہلا 48 ٹیموں پر مشتمل فیفا ورلڈ کپ ہے۔ فیفا نے اس ایڈیشن کے لیے مجموعی انعامی فنڈ 65 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کیا ہے، جسے تمام شریک ٹیموں میں ان کی کارکردگی کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔
فیفا کے مطابق کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے، جبکہ نویں سے سولہویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کے لیے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر فی ٹیم مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح سترہویں سے بتیسویں نمبر پر آنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر، جبکہ تینتیسویں سے اڑتالیسویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہر شریک ٹیم کو ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے اخراجات کے لیے اضافی 15 لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2026 میں فاتح ٹیم کے لیے مقرر کی گئی 5 کروڑ ڈالر کی انعامی رقم فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے، جو عالمی فٹبال ایونٹ کی بڑھتی ہوئی مالی اہمیت اور مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔