ورلڈ کپ فائنل سے قبل میٹ لائف اسٹیڈیم میں شدید افراتفری
خودکار داخلی گیٹس پر ٹکٹ اسکیننگ سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی، جس سے متعدد شائقین کے ٹکٹ فوری طور پر تصدیق نہ ہو سکے۔
ورلڈ کپ فائنل کے موقع پر میٹ لائف اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر غیر معمولی رش اور تکنیکی مسائل کے باعث ہزاروں شائقین کو اندر داخل ہونے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائنل میں ارجنٹینا اور اسپین کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، تاہم میچ کے آغاز سے قبل خودکار داخلی گیٹس پر ٹکٹ اسکیننگ سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی، جس سے متعدد شائقین کے ٹکٹ فوری طور پر تصدیق نہ ہو سکے۔
اس تکنیکی مسئلے کے باعث اسٹیڈیم کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں اور کئی افراد کو اپنی نشستوں تک پہنچنے کے لیے دو گھنٹے سے زیادہ انتظار کرنا پڑا۔ اس دوران سیکیورٹی اہلکار بھی بڑی تعداد میں موجود شائقین کو منظم رکھنے میں مصروف رہے۔
82 ہزار 500 نشستوں کی گنجائش رکھنے والے اسٹیڈیم کے باہر رش بڑھنے سے داخلی عمل سست پڑ گیا، تاہم انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی اقدامات کیے۔
دوسری جانب ورلڈ کپ فائنل کو دنیا کے مہنگے ترین کھیلوں کے مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فیفا کی سرکاری ری سیل ویب سائٹ پر میچ سے ایک روز قبل سب سے کم قیمت ٹکٹ بھی تقریباً 6 ہزار برطانوی پاؤنڈ میں فروخت ہو رہا تھا، جس نے اس ایونٹ کی غیر معمولی مانگ کو ظاہر کیا۔